نئی دہلی15مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پانچ میں چار ریاستوں میں انتخابی شکست کے بعد کانگریس پارٹی میں شکست کی ذمہ داری کاسلسلہ شروع ہوگیاہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری بی ہری پرساد، سنجے نروپم کے بعد یوپی کانگریس کے صدر راج ببر نے بھی استعفیٰ کی پیشکش کی ہے۔ راج ببرنے ریاست میں کانگریس کی کراری شکست تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ میں امیدپرکھرانہیں اترسکا۔ مجھے ذمہ داری دی گئی لیکن میں اسے پورا نہیں کر سکا۔ میں اسے قبول کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ 11 مارچ کو جب آدھے سے زیادہ رجحانات آنے کے بعد یہ صاف ہو گیا تھا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت بننے والی ہے تب بھی راج ببر نے کہا تھا کہ وہ اس کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ اس دوران صحافیوں سے روبروہوتے ہوئے انہوں نے کہا تھاکہ ہماری کوشش تھی کہ اس الیکشن میں ہم بی جے پی کو گھیریں گے لیکن ہم اس میں ناکام رہے۔گدھا پہلوان ہوگیاہے۔ تاہم خراب کارکردگی کے بعد پارٹی میں کھلبلی مچنافطری بھی تھا۔